صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا پشین آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین

صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے بلوچستان کے ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کی پوری تشکیل کو نیست و نابود کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی پراکسی کے خلاف یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک دہشت گردی کے اس عفریت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ریاست اس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہاتے ہوئے کہا کہ "عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی اداروں کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اس جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم اپنی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پانچ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپوتوں کی جرات اور مہارت پر فخر ہے جنہوں نے بروقت کارروائی کر کے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی یہ کامیاب کارروائیاں لائق تحسین ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












