بلوچستان میں دہشت گرد سلیم بلوچ کی ہلاکت، لاپتہ افراد کے نام نہاد بیانیے کا جھوٹ بے نقاب

بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے چھپے اصل کردار اور ان کو تحفظ دینے والا بیانیہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔
21 جنوری کو بلوچستان میں ہونے والے فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گرد سلیم بلوچ، تربت میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑتے ہوئے مارا گیا۔ سلیم بلوچ کی ہلاکت کی تصدیق فتنہ الہندوستان اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی کر دی ہے۔
فتنہ الہندوستان کا سرغنہ سلیم بلوچ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں میں سیکیورٹی فورسز سے لڑتے ہوئے تربت میں جہنم واصل ہوا۔
حیران کن امر یہ ہے کہ سلیم بلوچ کا نام بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ لانگو اور دیگر نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ "لاپتہ افراد” کی فہرست میں شامل تھا، جسے بنیاد بنا کر ریاست کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جاتا رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دہشت گردوں کو لاپتہ قرار دے کر ان کی مجرمانہ سرگرمیوں پر پردہ ڈالا گیا ہو۔ اس سے قبل مستونگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد برہان بلوچ اور حفیظ بلوچ بھی اسی نام نہاد فہرست کا حصہ تھے۔
اسی طرح قلات آپریشن میں مارا جانے والا صہیب لانگو، گوادر حملے کا کردار کریم جان اور نیول بیس پر حملے میں ہلاک ہونے والا عبدالودود بھی اسی فہرست میں شامل تھے، جنہیں پروپیگنڈا مشینری "معصوم لاپتہ شہری” قرار دیتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیانیہ، خوف اور حقیقت، بلوچستان کی زمینی صورتحال پر سکیورٹی فیصلوں کے پیچیدہ پہلو
ان دہشت گردوں کی ہلاکت ثابت کرتی ہے کہ لاپتہ افراد کا بیانیہ دراصل دہشت گردوں کی کارروائیوں کو قانونی جواز فراہم کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نوجوانوں کو احساس محرومی کے گمراہ کن بیانیے میں الجھا کر فتنہ الہندوستان کے حوالے کر دیتی ہے، جہاں بھارتی سرپرستی میں ان کے جذبات کو بھڑکا کر انہیں مسلح بغاوت اور دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کا بظاہر "سافٹ چہرہ” دراصل فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ان حقائق کے سامنے آنے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کو ‘را’ اور مخصوص بیرونی تنظیموں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، اور سلیم بلوچ جیسے دہشت گردوں کے انجام نے اس بے بنیاد پروپیگنڈے کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











