ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں ڈرونز کے ذریعے حملوں کی کوشش ناکام

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملوں کی ناکام کوشش کی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے تین اہم شہروں ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں منظم منصوبہ بندی کے تحت کی گئیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ان کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے جدید اینٹی ڈرون نظام نے فوری طور پر خطرے کو بھانپتے ہوئے تمام مشتبہ ڈرونز کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر گرا دیا۔
اس بروقت کارروائی کے نتیجے میں نہ تو کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچا۔ متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور نگرانی کے نظام کو ہائی الرٹ پررکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کو سمجھنا ہوگا کہ بھارت ان کا حقیقی دوست نہیں ہو سکتا : حافظ نعیم
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی ایک منظم سازش کا حصہ تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان واقعات نے ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے نہ صرف ان حملوں کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں بلکہ اس نیٹ ورک کے سہولت کاروں اور معاونین تک پہنچنے کے لیے بھی اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








