ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈز کی جانچ کا فیصلہ

27 فروری, 2026 10:21

وفاقی حکومت نے افغان شہریوں کی جانب سے بنوائے گئے پاکستانی شناختی کارڈز کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام صوبوں کے تھانوں اور حساس اداروں کو اختیارات دے دیے گئے ہیں کہ وہ ریکارڈ کی جانچ کریں۔

وفاقی حکومت نے ایک اہم اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ جن افغان شہریوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بنوائے ہیں ان کے کوائف کی مکمل چھان بین کی جائے۔

حکام کے مطابق یہ جانچ اس بنیاد پر ہوگی کہ کس شخص نے کس قانونی جواز کے تحت شناختی کارڈ حاصل کیا اور یہ کب جاری ہوا۔ اس عمل میں صرف اور صرف 1974 کے اصل اور ریکارڈ شدہ ثبوت کو قابل قبول سمجھا جائے گا۔

اس حوالے سے تمام صوبوں کے تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس افسران اور مختلف انٹیلیجنس اداروں کو باقاعدہ اختیارات دے دیے گئے ہیں کہ وہ ایسے تمام افراد کا ریکارڈ چیک کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی تیز، 32 ہزار سے زائد افراد بے دخل

مزید برآں، ویزا اور پاسپورٹ رکھنے والے افغان شہریوں کی مکمل میپنگ کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے تاکہ ملک میں مقیم ہر فرد کا قانونی اسٹیٹس واضح ہو سکے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس کارروائی کی زد میں تمام افغان مہاجرین آ سکتے ہیں، خصوصاً وہ افراد جنہوں نے اپنی فیملی ٹری میں کسی افغان شہری کو شامل کیا ہوا ہے۔

اس کے علاوہ قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا کے بعض عملے اور مبینہ سہولت کاروں کی بھی جانچ کی جائے گی اگر ان پر کسی بے ضابطگی کا شبہ ہوا۔

یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی رپورٹ نادرا انٹیلیجنس اسلام آباد کی جانب سے پیش کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملکی شناختی نظام کو شفاف بنانا اور غیر قانونی اندراجات کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی جعلسازی یا بدنظمی کا راستہ روکا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔