ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

افغان طالبان کو سمجھنا ہوگا کہ بھارت ان کا حقیقی دوست نہیں ہو سکتا : حافظ نعیم

27 فروری, 2026 11:02

امیر جماعت اسلامی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری قومی مشاورت اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کا باقاعدہ جنگ کی طرف بڑھنا انتہائی تشویش ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ہمسایہ اسلامی ممالک کے درمیان ایسی صورتحال دونوں اطراف کے عوام کے لیے نہایت تکلیف دہ اور نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع پچیس کروڑ عوام کی پہلی ترجیح ہے، تاہم موجودہ کشیدگی ایک ایسے وقت شدت اختیار کر رہی ہے جب تل ابیب میں بھارت اور اسرائیل کا اتحاد عالم اسلام کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے افغان طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بھارت ان کا حقیقی دوست نہیں ہو سکتا اور پاک افغان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈز کی جانچ کا فیصلہ

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکہ اس وقت ایران کے خلاف کارروائی کے بہانے تلاش کر رہا ہے اور غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں نیا محاذ کھولا جا رہا ہے۔

انہوں نے افغان قیادت پر زور دیا کہ وہ ایسا کوئی راستہ اختیار نہ کرے جس سے وہ عالم اسلام سے کٹ جائیں اور اسلام دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے حکومت پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک موقع پر قومی مشاورت سے گریز ناقابل فہم ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔

ساتھ ہی انہوں نے چین، ترکی، قطر اور سعودی عرب سے اپیل کی کہ وہ ماضی کی طرح پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اپنا کردار دوبارہ ادا کریں اور امت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط بنائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔