ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

سرحدی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، انچ انچ کا دفاع ہمارا فرض ہے : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

27 فروری, 2026 15:23

پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے جاری بیان میں واضح کیا کہ سرحدی علاقوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

پشاور سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی تشویش ناک ہے اور حکومت صورتحال کا مسلسل اور بغور جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور کسی کو بھی سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی تنازعات کے حل کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا ناگزیر ہے تاکہ خطے میں استحکام قائم رہے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ کشیدگی کے تناظر میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام پیش رفت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سینیٹ میں افغانستان کی دراندازی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ضروری انتظامی و حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اور سول انتظامیہ کو متحرک رکھا گیا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کشیدگی کے باعث عوام میں خدشات پائے جاتے ہیں، تاہم حکومت ان خدشات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور فوری ردعمل کے لیے تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے ریاستی اداروں اور عوام کو مل کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ سرحدی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر نہ ہوں اور عوام کا اعتماد برقرار رہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔