ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

جی ایچ کیو میں اہم ہنگامی مشاورت: وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک اعلان — افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

27 فروری, 2026 19:08

راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا اہم دورہ کیا جہاں انہیں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال، خصوصاً پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ عسکری قیادت نے وزیراعظم کو سرحدی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور انسدادِ دہشت گردی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ “فتنہ الخوارج” اور افغان طالبان رجیم کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی یا جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ریاست اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان ہر لمحہ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے حالیہ بھرپور جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ارضِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔