آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ، مسلح افواج کی جرات کو خراج تحسین

پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر اپنے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے بیان کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت نے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ آپریشن ستائیس فروری دو ہزار انیس کو شروع کیا گیا تھا جو بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں کیا گیا ایک فیصلہ کن اقدام تھا۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے اس آپریشن میں شریک افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاستی دہشت گردی، کینیڈا میں ایک اور سکھ رہنما کو قتل کی دھمکی
بیان میں کہا گیا کہ یہ آپریشن بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب تھا، جس نے پاکستان کے عزم کو واضح کیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
آپریشن نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا اور خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔
مسلح افواج کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی اور علاقائی امن کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عالمی امن و استحکام میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








