ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر جارحیت کا کچلنے والا جواب دیں گے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال کارروائی کے بعد پاکستان کے جوابی ردعمل پر اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے لیکن ملکی سالمیت کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی کیونکہ وہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ درجے کی تربیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں اور ہر طرح کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن غضب للحق : ٹی ٹی پی لیڈر نور ولی محسود کے مارے جانے کی اطلاعات، افغان طالبان آپس میں لڑ پڑے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج اس عزم پر قائم ہیں کہ کسی بھی صورت حال میں ملک کے امن و امان پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
شہباز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور کسی بھی بدنیتی پر مبنی ارادے کو کچلنے کی پوری قوت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








