ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

28 فروری, 2026 10:22

وفاقی وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے شہریوں کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

 صرف جنوری 2026 میں 75 ہزار 663 افراد نے بیرون ملک کام کے لیے رجسٹریشن کروائی، جبکہ گزشتہ سال جنوری میں یہ تعداد 63 ہزار 559 تھی۔ وزارت خزانہ کے مطابق یہ اعداد و شمار ملکی معیشت میں روزگار کے مواقع بڑھنے کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔ میکرو اکنامک استحکام قائم رہا اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی دیکھنے کو ملی۔ حکومت نے عوام کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج بھی فراہم کیا ہے۔ وزارت خزانہ نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں ماہ مہنگائی کی شرح 6 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ جنوری 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جس کی وجہ جیو پولیٹیکل غیر یقینی صورتحال اور عالمی اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی آمدن اور اخراجات کا توازن بہتر ہوا ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں ہے اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات میں اضافہ اور سستے قرضوں کی دستیابی سے کاروبار میں آسانی ہوئی ہے۔ چھ ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ترسیلات زر میں 11.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا حجم جولائی تا جنوری 23.2 ارب ڈالر رہا۔

اسی عرصے میں برآمدات میں 5.5 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی اور 8.3 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات میں 9.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ جولائی تا جنوری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 41 فیصد کمی کے بعد 98 کروڑ ڈالر رہی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 16.2 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔ چھ ماہ میں ٹیکس ریونیو میں 10.5 فیصد اضافہ ہوا اور 7 ہزار 176 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔ نان ٹیکس ریونیو میں 6.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 3 ہزار 847 ارب روپے رہا۔ نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضے کم ہو کر 638 ارب روپے تک محدود ہوئے۔ پالیسی ریٹ کم ہو کر 10.5 فیصد پر آگیا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 48 فیصد بہتری آئی، جس سے انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 893 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور جنوری میں 25 ہزار 554 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔