ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع، درجنوں طلبہ اور سیاح وطن پہنچ گئے

ایران میں جاری حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے پیش نظر وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق، 51 افراد جن میں پانچ طلبہ، کاروباری افراد اور سیاح شامل ہیں، گبد ریمدان سرحد کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اسی طرح تفتان بارڈر پر بھی 20 سے زائد پاکستانی طلبہ پہنچ چکے ہیں، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر تفتان نے فوری طور پر پاکستان ہاؤس منتقل کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 70 سے زائد شہری واپس آ چکے ہیں اور مزید 200 کے قریب افراد کی جلد آمد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کا ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم، اتحاد و یگانگت پر زور
بلوچستان حکومت نے سرحدی اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے کہ وہ واپس آنے والے تمام مسافروں کو رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔
تفتان اور گوادر کے سرحدی مقامات پر امیگریشن حکام چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، تاکہ آمد و رفت کا عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود ہر پاکستانی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور انہیں ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
پاکستان ہاؤس میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











