کراچی میں زہریلی کچی شراب پینے سے تین افراد ہلاک

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر ایک اور رضویہ سوسائٹی کی حدود میں زہریلی کچی شراب پینے سے تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت جنید، محمد رضوان اور عامر غنی کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ چھ افراد کی حالت تشویشناک ہے، جو اس وقت عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے پشاوری چپل والی گلی سے ایک ملزم عدنان کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے زہریلی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ شراب مختلف مقامات سے خریدی گئی تھی، جس پر پولیس نے مزید چھاپے مارے۔ ایک کارروائی کے دوران جب پولیس نے شراب فروشی میں ملوث مزید دو ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو مزاحمت کے دوران ایس ایچ اور رضویہ اور ملزم چھت سے نیچے گر گئے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: نوپارکنگ میں کھڑی موٹرسائیکلیں لفٹ نہیں کی جائیں گی، چالان تصاویر کی بنیاد پر ہوگا
اس واقعے میں ایس ایچ او کو شدید چوٹیں آئیں جبکہ ملزم کی ٹانگ ٹوٹ گئی، دونوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اقلیتی تہوار کے پیش نظر زہریلی شراب اور منشیات کی فروخت میں ملوث تمام عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











