بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

روپوش قیادت اور غیر فعال صدر، پنجاب میں تحریکِ انصاف کا تنظیمی بحران شدت اختیار کر گیا

04 مارچ, 2026 15:10

پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مفلوج ہو چکا ہے بلکہ مرکزی قیادت کے اہم فیصلے بھی پسِ پشت ڈالے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب کی تنظیم میں شدید اختلافات منظرِ عام پر آنے لگے ہیں، جس نے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

مرکزی قیادت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو آپسی چپقلش اور دھڑے بندیوں کی وجہ سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

اس کی سب سے بڑی مثال حال ہی میں دیکھنے میں آئی جب تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت نے ایرانی سپریم لیڈر کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کی ہدایت کی تھی، لیکن پنجاب کی تنظیم ان احکامات پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔

تنظیم کے اندر رابطوں کے فقدان اور ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث صوبائی ڈھانچہ تقریباً غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے، جس پر کارکنوں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ارکانِ اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں کے درمیان جاری کھینچا تانی نے پارٹی کو نچلی سطح پر کمزور کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی توجہ بانی کی رہائی پر ہے، قومی سلامتی پر نہیں : خواجہ آصف

ارکانِ اسمبلی کا موقف ہے کہ چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ سزا پانے کے بعد سے روپوش ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں کوئی بھی ان کی ہدایات پر کان دھرنے کو تیار نہیں۔

دوسری جانب لاہور کے صدر کے حوالے سے بھی پارٹی رہنماؤں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، جن کی رائے میں رہائی کے بعد سے وہ پارٹی کے سیاسی معاملات میں وہ فعال کردار ادا نہیں کر رہے، جس کی توقع کی جا رہی تھی۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وسطی پنجاب کی قیادت کی جانب سے اعلیٰ سطح پر سفارشات پیش کی گئی ہیں کہ تنظیمی ڈھانچے میں فوری تبدیلیاں لائی جائیں اور غیر فعال عہدیداروں کی جگہ متحرک اور مخلص لوگوں کو سامنے لایا جائے تاکہ پارٹی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔