بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

پاکستان نے افغان طالبان کو دیوار سے لگا دیا : سابق افغان نائب صدر

04 مارچ, 2026 11:30

سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح نے پاکستان اور افغانستان کے بگڑتے ہوئے تعلقات پر ایک تفصیلی تجزیہ پیش کیا ہے، جس میں انہوں نے اسلام آباد کے رویے میں آنے والی پانچ بڑی تبدیلیوں کو بیان کیا ہے۔

افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح نے اپنے حالیہ تجزیے میں کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان اور افغانستان کے حوالے سے ایک مربوط اور نئی حکمت عملی اپنا لی ہے، جو پانچ اہم اقدامات پر مشتمل ہے۔

پہلے نکتے کے مطابق پاکستان نے پہلی بار تجارت اور معاشی تعلقات کو مکمل طور پر سیاسی اور سیکیورٹی حالات سے مشروط کر دیا ہے۔ اب اسلام آباد طالبان سے رعایتیں حاصل کرنے کے لیے تجارتی نقصان اٹھانے اور سرحدیں بند کرنے کے لیے بھی تیار ہے، جس نے طالبان کو ایران اور شمالی راستوں پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

دوسرے نکتے میں صالح کہتے ہیں کہ پاکستان اب افغان فضائی حدود پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور اپنی مرضی سے وہاں فضائی حملے کر رہا ہے، جبکہ طالبان کے پاس اس کا کوئی دفاع موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : غضب للحق کا مطلب کیا ہے اور افغانستان کیخلاف اس آپریشن کو یہ نام کیوں دیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

تیسرے اہم نکتے کے مطابق پاکستان کے اندر ان حملوں پر ایک قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور پاکستان کی یہ کارروائیاں اسرائیل کی لبنان اور شام میں سرحد پار کارروائیوں سے مشابہت رکھتی ہیں۔

چوتھا اقدام یہ ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی سطح پر طالبان مخالف مہم کے لیے حمایت حاصل کر رہا ہے اور دنیا کو یہ باور کرا رہا ہے کہ طالبان ایک فعال ریاست چلانے کے بجائے صرف قبائلی حکمرانی کر رہے ہیں۔

پانچویں اور سب سے اہم نکتے میں امراللہ صالح نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اب طالبان مخالف قوتوں سے رابطے میں ہے اور طالبان کے بعد کے ممکنہ سیاسی سیٹ اپ پر مشاورت شروع کر چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں کسی علاقائی طاقت نے طالبان کی قانونی حیثیت کو اس طرح چیلنج نہیں کیا جتنا اس وقت پاکستان کر رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, تجزیہ و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔