ہیٹ ویو کا خدشہ؛ محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

Heatwave Risk: Meteorological Department Sounds Alarm
رمضان المبارک کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے نئی پیشگوئی سامنے آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً معتدل اور کسی حد تک ٹھنڈا رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت زیادہ بڑھنے کے باعث ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے ابتدائی پندرہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں بارش نہیں ہوئی۔ اس وجہ سے گرمی میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رواں سال رمضان کے آغاز سے ہی درجہ حرارت معمول سے زیادہ محسوس ہو رہا ہے۔ دن کے اوقات میں دھوپ تیز ہے جس کے باعث روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں، خصوصاً سندھ اور جنوبی پنجاب میں موسم زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت بتدریج بڑھ سکتا ہے۔ اس صورتحال میں شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس سے وہاں کے درجہ حرارت میں کچھ کمی آ سکتی ہے اور موسم ٹھنڈا محسوس ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق آنے والے دنوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے۔ اگر یہ سلسلہ فعال ہوا تو اگلے ہفتے کے آغاز میں بالائی علاقوں میں اس کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں کہیں کہیں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










