ہفتہ، 7-مارچ،2026
جمعہ 1447/09/17هـ (06-03-2026م)

وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

06 مارچ, 2026 15:45

وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ذخائر، فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں موجود ذخائر اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزارت پیٹرولیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات کے باوجود ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور فوری طور پر کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی پیٹرول پمپ مصنوعی قلت پیدا کرنے کے مکروہ عمل میں ملوث پایا جائے، اسے فوری طور پر بند کر دیا جائے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اس کا لائسنس منسوخ کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت دی کہ وہ تمام صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو ان کی بلا تعطل فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں پیٹرول کا 28 دن کا ذخیرہ موجود ہے، پریشانی کی بات نہیں، وفاقی وزیر خزانہ

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ایک جدید ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے صوبوں کے ساتھ حقیقی وقت میں معلومات کا تبادلہ کیا جا سکے گا اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کی مؤثر نگرانی ممکن ہو گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سمیت متعدد وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء میں وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور اویس خان لغاری شامل تھے۔

اس کے علاوہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر خان، جمیل احمد اور چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔