کراچی میں بائیس سو کلو مضر صحت مرغی کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام

سندھ فوڈ اتھارٹی نے مسافر کوچ سے بائیس سو کلو مضر صحت اور انسانی صحت کے لیے خطرناک مرغی کا گوشت ضبط کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا، جبکہ کوچ کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سکھر کے علاقے میں بڑی مقدار میں مرغی کا مضر صحت گوشت پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی روہڑی انٹرچینج کے مقام پر کی گئی جہاں ایک مسافر کوچ کو روک کر تلاشی لی گئی۔
ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوچ سے بائیس سو کلو کے قریب مرغی کا ایسا گوشت برآمد ہوا، جو انتہائی غلاظت زدہ اور انسانی صحت کے لیے خطرناک تھا، جسے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں اسے فروخت کرنے کا منصوبہ تھا۔
کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے کسی صورت انسانی استعمال میں نہ لایا جا سکے۔ حکام کے مطابق ضبط شدہ گوشت کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم کی نگرانی میں محفوظ طریقے سے ضائع کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں جدید اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ
سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران مسافر کوچ کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس غیر معیاری گوشت کی ترسیل کے پیچھے کون سے عناصر ملوث ہیں۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی ہدایات پر کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا فاروق کی سربراہی میں ٹیم نے حصہ لیا۔
صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جو عناصر مضر صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی ایسے عناصر کے خلاف اپنی نگرانی اور کارروائیوں کو مزید مؤثر بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











