اتوار، 8-مارچ،2026
اتوار 1447/09/19هـ (08-03-2026م)

پنجاب میں عملی امتحانات کے نمبروں کا نیا نظام متعارف، سفارش اور رشوت کا راستہ بند

08 مارچ, 2026 14:17

پنجاب میں تعلیمی بورڈز کے عملی امتحانات میں شفافیت لانے کے لیے نمبروں کے تعین کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت نمبرز دو حصوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

تعلیمی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عملی امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانا اور سفارش یا رشوت کے ذریعے نمبرز حاصل کرنے کے رجحان کا خاتمہ کرنا ہے۔

حکام نے بتایا کہ طویل عرصے سے یہ شکایات سامنے آ رہی تھیں کہ عملی امتحانات کے دوران بعض جگہوں پر طلبہ کو بغیر مناسب کارکردگی کے بھی مکمل نمبرز دے دیئے جاتے تھے۔ بعض اوقات سفارش یا تعلقات کی بنیاد پر بھی نمبروں کے حصول کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں پاک فوج نے وہ مزہ چکھایا کہ دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے، گورنر سندھ

نئے نظام کے تحت عملی امتحان کے نمبرز کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس میں ایک حصہ تحریری نوعیت کا ہوگا جس کی جانچ براہ راست بورڈ کے مرکزی نظام کے تحت کی جائے گی جبکہ دوسرا حصہ عملی کارکردگی اور زبانی امتحان سے متعلق ہوگا جس کے لیے امتحانی مرکز میں موجود ممتحن محدود نمبرز دینے کا اختیار رکھے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا اطلاق فزکس، کیمسٹری، حیاتیات اور کمپیوٹر کے عملی امتحانات میں کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے طلبہ کو اپنی حقیقی عملی صلاحیت اور تیاری کے مطابق نمبرز حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق اس اقدام سے عملی امتحانات کے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور طلبہ کو بہتر تیاری کی ترغیب ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں نافذ ہوگی اور اس سے امتحانی نظام کو زیادہ منصفانہ بنانے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔