اتوار، 8-مارچ،2026
اتوار 1447/09/19هـ (08-03-2026م)

پنجاب حکومت کے لگژری طیارے کے پائلٹس کی تنخواہوں اور رہائش پر کروڑوں کے اخراجات کا انکشاف

08 مارچ, 2026 14:17

پنجاب حکومت کے لگژری طیارے کے اخراجات سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق اس طیارے کے غیر ملکی پائلٹس کو بھاری تنخواہوں اور مراعات کی مد میں کروڑوں روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔

سینیئر صحافی محمد مالک نے اپنی رپورٹ انکشاف کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اس طیارے کو اڑانے کے لیے غیر ملکی پائلٹس کی خدمات حاصل کی ہیں، جنہیں بھاری تنخواہیں اور دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک پائلٹ کی ماہانہ تنخواہ بتیس ہزار ڈالر جبکہ دوسرے پائلٹ کی تنخواہ اڑتیس ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ان بھاری تنخواہوں کے علاوہ دونوں پائلٹس کو دیگر مراعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روپوش قیادت اور غیر فعال صدر، پنجاب میں تحریکِ انصاف کا تنظیمی بحران شدت اختیار کر گیا

اگر ابتدائی چار ماہ کی تنخواہوں کا مجموعی حساب لگایا جائے تو یہ رقم تقریباً سات کروڑ چوراسی لاکھ روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ان پائلٹس کی رہائش فائیو اسٹار ہوٹلوں میں رکھی گئی ہے اور کھانے پینے کے اخراجات بھی حکومت کے ذمے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر ان تمام اخراجات کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اب تک ان پائلٹس پر نو کروڑ اٹھائیس لاکھ روپے سے زائد خرچ ہو چکے ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یہ دونوں پائلٹس دیگر مقامی پائلٹس کو تربیت فراہم کریں گے تاکہ آئندہ اس طیارے کو چلانے کے لیے ملکی عملہ تیار کیا جا سکے۔

تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ اس طیارے کے پائلٹس کی تربیت صرف امریکا میں ہی ممکن ہے اور اس تربیتی عمل پر کم از کم ایک لاکھ ڈالر یعنی تقریباً دو کروڑ اسی لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پائلٹس کی سالانہ تربیت بھی ہوتی ہے، جس پر تقریباً تیس ہزار ڈالر کے اخراجات آتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔