خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، تیرہ خوارج ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز اور مقابلوں میں تیرہ خوارج ہلاک جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں ہیں۔ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کا حصہ ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق باجوڑ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران پانچ خوارج مارے گئے۔ اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں مزید تین خوارج ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی کارروائیاں کی گئیں جہاں مزید پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کا پاکستان مخالف مظاہروں میں کم عمر بچوں کا زبردستی استعمال
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان سے ملحق سرحدی چیلنجز کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











