پیر، 9-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

09 مارچ, 2026 12:56

ڈیرہ غازی خان کے سرحدی علاقے میں انسداد دہشت گردی محکمہ کی کارروائی کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے متعدد ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی محکمہ کو اطلاع ملی تھی کہ ڈیرہ غازی خان کے سرحدی گاؤں جوتر میں بڑی تعداد میں دہشت گرد موجود ہیں اور وہ کسی ممکنہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں چھاپہ مارا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس مقابلے کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے گیارہ ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ؛ سی ٹی ڈی کی درخشاں میں کارروائی، 8دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے تھے۔

کارروائی کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مفرور افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایسے آپریشنز مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔