پیر، 9-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

وزیراعظم کی سرکاری ملازمین کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت

09 مارچ, 2026 08:12

وزیر اعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس دوران معیشت کو مستحکم کرنے اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کفایت شعاری سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو عالمی اور علاقائی صورتحال کے ممکنہ معاشی اثرات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈی میں قیمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے حکومت احتیاطی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ڈیزل، پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات بھی کر رکھے ہیں۔ حکام کے مطابق کفایت شعاری کے مجوزہ اقدامات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گے تاکہ پیداوار متاثر نہ ہو۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

شہباز شریف نے وزرا اور سرکاری ملازمین کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں قومی وسائل کو دانشمندی سے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچت اور کفایت شعاری کا بوجھ سب کو مل کر برداشت کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ اشرافیہ کو چاہیے کہ وہ ایڈجسٹمنٹ برداشت کر کے دوسروں کے لیے مثال قائم کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔