گرین پیپلز بس سروس تربت پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے افتتاح کردیا

بلوچستان کے شہر تربت میں جدید شہری ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکٹ ہاؤس تربت میں گرین پیپلز بس سروس کا افتتاح کیا اور بس چلا کر اس منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سروس کے آغاز سے تربت اور ضلع کیچ کے عوام کو جدید اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس بس سروس کے ذریعے روزانہ چار ہزار پانچ سو سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ شہریوں کی سفری مشکلات کو کم کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
تقریب کے دوران حکام نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ بریفنگ کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ ہر بس میں سینتیس نشستیں موجود ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً ایک سو مسافروں کے سفر کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 15 دہشتگرد جہنم واصل
حکام نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں تربت شہر میں چار بسیں فراہم کی گئی ہیں اور شہر میں اٹھارہ بس اسٹیشن قائم کیے جا رہے ہیں۔ یہ بسیں تقریباً انیس کلومیٹر طویل روٹ پر چلیں گی، جس سے شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری سہولت بہتر ہو گی۔
بسوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں، جبکہ خصوصی افراد کے لیے ویل چیئر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بسوں میں ایمرجنسی اخراج کے راستے، آگ بجھانے کے آلات اور روٹ کی معلومات فراہم کرنے کے لیے برقی اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ اسی طرز پر تربت میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس بھی جلد شروع کی جائے گی تاکہ خواتین کو مزید محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










