خیبر پختونخوا حکومت کا وفاقی حکومت کی توانائی بچت تجاویز سے اتفاق

آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور عالمی توانائی بحران کے خدشات کے پیش نظر ملک میں ایندھن کی بچت اور توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے کئی تجاویز صوبوں کو بھیجی تھیں، جن میں سے بیشتر نکات کورونا وباء کے دوران اختیار کی گئی پالیسی سے ملتے جلتے ہیں۔
ان تجاویز میں سرکاری دفاتر کے ورکنگ ڈیز کو ایک دن کم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ ایندھن اور بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا : پچھلے دو ماہ میں دہشت گردی کے 185 واقعات رپورٹ
اسی طرح توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے ہفتے میں ایک دن گھر سے کام کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس پالیسی کے تحت دفاتر کے پچاس فیصد عملے کو روٹیشن کی بنیاد پر کام کرنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں بھی حاضری کم کرنے اور آن لائن کلاسز کے نظام کو جزوی طور پر دوبارہ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ان تجاویز پر ابتدائی طور پر اتفاق کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ان پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر توانائی بحران مزید شدت اختیار کرتا ہے تو حکومت کو توانائی بچانے کے لیے سخت اقدامات کرنے پڑ سکتے ہیں تاکہ ملکی معیشت پر دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










