منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری پالیسی پر اہم اجلاس، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کی شرکت

09 مارچ, 2026 15:35

وزیر اعظم کی زیر صدارت میں قومی کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری سطح پر اخراجات میں کمی اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملکی معاشی صورتحال اور کفایت شعاری کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس کو کفایت شعاری پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دی، جس میں خاص طور پر عالمی معاشی حالات کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور سرکاری اخراجات کو محدود کرنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف، جنہوں نے اس سے قبل ہی صوبوں کی مشاورت سے ایک جامع قومی کفایت شعاری پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام کے لیے سخت فیصلوں کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا وفاقی حکومت کی توانائی بچت تجاویز سے اتفاق

اجلاس کا ایک اہم مقصد قومی کفایت شعاری پالیسی کو حتمی شکل دے کر اس کی منظوری دینا ہے تاکہ سرکاری سطح پر وسائل کا ضیاع روکا جا سکے۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کفایت شعاری کا مقصد صرف بچت نہیں بلکہ ان بچائے گئے وسائل کو مستحق اور غریب شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔

اجلاس میں غریب عوام کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔