پیر، 9-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ مافیا کے دو اہم کارندے گرفتار

09 مارچ, 2026 12:56

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں رینجرز اور پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

رینجرز اور پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ نے خفیہ اطلاع پر نیو کراچی کے مختلف مقامات پر کارروائی کی، جس کے دوران دو ملزمان محمد اریب عرف مشتاق اور مزمل کو گرفتار کر لیا گیا۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم محمد اریب کا تعلق اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے جو ماضی میں بھی شہر میں بھتہ خوری اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد کو دھمکا کر ان سے بھتہ وصول کرتا تھا۔ تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ اس گروہ کے دیگر کارندے مناز عرف مانی اور اصغر پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی افغانستان میں کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے، امریکی دفاعی تجزیہ نگار

دوسری جانب گرفتار ہونے والا ملزم مزمل بھی بھتہ مافیا کے ایک اور سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ گروہ مختلف علاقوں میں کاروباری افراد کو نشانہ بنا کر ان سے بھتہ وصول کرتا تھا۔

سکیورٹی اداروں کے مطابق تفتیش کے دوران یہ اہم انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ بھتہ کے طور پر وصول کی جانے والی رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی جاتی تھیں۔ اس مقصد کے لیے گروہ کے بعض افراد مالیاتی نیٹ ورک کے ذریعے رقم کی منتقلی کا انتظام کرتے تھے۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔