منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوس نماز مغرب تک ختم کرنے کا فیصلہ

10 مارچ, 2026 12:45

یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ملک بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے جامع سکیورٹی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ جلوسوں کے دورانیے کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملک بھر سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں سکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اکیس رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر پاکستان بھر میں نکالے جانے والے جلوس نماز مغرب تک اختتام پذیر کر دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے پر ایران کا ڈرون حملہ، سی آئی اے کا مرکز تباہ

اس کے علاوہ دیگر جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے دورانیے کو بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ عزاداروں کی حفاظت اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی قومی اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علماء کو بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو فروغ دینا ہوگا۔

ملاقات میں شریک علمائے کرام نے حکومت کو یقین دلایا کہ وہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں تاہم قومی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔