بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف حملے کروا رہا ہے، پاکستانی مندوب

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے اور افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف حملے کروانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی افغان پالیسی کا بنیادی مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں اور بھارت کے درمیان روابط کے مکمل ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کر دیئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی صورت افغانستان کی سرزمین کو اپنے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں جن میں تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان لبریشن آرمی اور دیگر گروہ شامل ہیں، افغانستان سے پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مودی سرکار کے معاشی ترقی کے دعوے ہوا، برطانوی جریدے نے بھارتی معیشت کا پول کھول دیا
انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے مختلف شہروں میں خودکش حملوں سمیت دیگر کارروائیاں کر رہی ہیں، جن میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ چھبیس فروری کو افغان حکام نے بلا اشتعال پاکستان پر حملہ کیا اور افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں نے معصوم پاکستانیوں کو قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن فورسز اور دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور اس دوران غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ افغانستان دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے تاہم پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ دوحہ معاہدے کی مکمل پاسداری کرے کیونکہ یہی معاہدہ خطے میں امن کے قیام کی بنیاد بن سکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










