منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

راولپنڈی میں بلدیاتی نظام کی نئی تشکیل، ضلع سترہ اداروں میں تقسیم

10 مارچ, 2026 13:59

راولپنڈی میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئی ہیں اور ضلع کو سترہ بلدیاتی اداروں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر انتظامی سطح پر نئی حد بندیوں اور بلدیاتی اداروں کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع راولپنڈی کو مجموعی طور پر سترہ بلدیاتی اداروں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

انتظامی منصوبے کے مطابق راولپنڈی شہر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان دونوں حصوں میں الگ الگ میئر منتخب ہوں گے جبکہ چار ڈپٹی میئرز بھی مقرر کیے جائیں گے۔

نئی انتظامی تقسیم کے تحت دو نئی تحصیل کونسلیں قائم کی گئی ہیں جبکہ ایک نئی میونسپل کمیٹی بھی شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہری یونین کونسلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے انہیں بیاسی سے بڑھا کر ایک سو پچیس کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی اور لاہور کے امریکی قونصل خانوں میں خدمات بحال نہ ہوسکیں

راولپنڈی شہر کو راول ٹاؤن کارپوریشن اور پوٹھوہار ٹاؤن کارپوریشن میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ تحصیل کونسل صدر اور تحصیل کونسل کینٹ کو نئی تحصیلوں کی حیثیت دی گئی ہے۔

اسی طرح دولتالہ کو نئی میونسپل کمیٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ نئی حد بندیوں کے مطابق راول ٹاؤن میں یونین کونسلوں کی تعداد چھیالیس سے کم ہو کر اکتالیس جبکہ پوٹھوہار ٹاؤن میں چھتیس سے کم ہو کر تینتیس رہ جائے گی۔

اس کے علاوہ نئی تحصیل صدر راولپنڈی میں بائیس یونین کونسلیں اور تحصیل کینٹ میں انتیس یونین کونسلیں قائم کی جائیں گی۔ مجموعی طور پر ضلع راولپنڈی میں دو ٹاؤن کارپوریشنز، پانچ میونسپل کمیٹیاں، چھ تحصیل کونسلیں اور چار کنٹونمنٹ بورڈز شامل ہوں گے۔

پنجاب بھر میں بلدیاتی نظام کی نئی تشکیل کے تحت مجموعی طور پر چار سو انتالیس بلدیاتی ادارے اور چھ ہزار چھ سو سینتیس یونین کونسلیں قائم کی جا رہی ہیں۔

شہری علاقوں میں دو سو ستانوے بلدیاتی ادارے ہوں گے جن کے تحت دو ہزار چار سو چھیانوے یونین کونسلیں کام کریں گی۔

اسی طرح اٹھائیس ٹاؤن کارپوریشنز کے تحت ایک ہزار دس یونین کونسلیں قائم کی جائیں گی جبکہ چونتیس میونسپل کارپوریشنز کے ساتھ پانچ سو تہتر یونین کونسلیں ہوں گی۔

اس نئے نظام کے تحت ضلع کونسل راولپنڈی سمیت صوبے کی تمام پینتیس ضلع کونسلیں ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ مری کو راولپنڈی سے الگ کر کے ایک مکمل علیحدہ بلدیاتی یونٹ بنا دیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔