سندھ میں اسکولوں کی مکمل بندش کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

ایندھن کے بحران کے باعث اسکول بند کرنے کے فیصلے پر سندھ کی نجی تعلیمی اداروں کی تنظیم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے ایندھن کے بحران کے باعث اسکولوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تنظیم کے چیئرمین سید طارق شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسکولوں کی مکمل بندش مسئلے کا مؤثر حل نہیں ہے اور اس فیصلے سے تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں گاڑیوں کی انشورنس لازمی قرار
انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور اس فیصلے کو متعلقہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں زیر بحث لا کر تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے۔
سید طارق شاہ نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے توانائی کی بچت کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں تاہم تعلیمی سرگرمیوں کو مکمل طور پر معطل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم کا نظام ہر اسکول کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہوا کیونکہ بہت سے کم فیس والے نجی اور سرکاری اسکولوں میں اس کے لیے ضروری سہولیات موجود نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین کو انٹرنیٹ کی عدم دستیابی، برقی آلات کی کمی اور بجلی کی بندش جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث آن لائن تعلیم مؤثر انداز میں جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
تنظیم نے تجویز دی ہے کہ اسکولوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے بجائے ہفتے میں چار دن کلاسز منعقد کرنے کا طریقہ اختیار کیا جائے تاکہ تعلیمی تسلسل بھی برقرار رہے اور ایندھن کی بچت بھی ممکن ہو سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










