پاک فوج کی سرحد پر جھڑپیں، افغان طالبان پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار

پاک افغان سرحد کے قریب ژوب سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی کئی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر ژوب سیکٹر میں پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن غضب للحق کے تحت مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سرحدی علاقے میں ہونے والی تازہ جھڑپوں کے دوران پاک فوج نے افغان طالبان کی پوسٹ نمبر دو اور پوسٹ نمبر تین کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور طاقتور کارروائی کے باعث افغان طالبان کے جنگجو شدید دباؤ کا شکار ہو گئے اور اپنی چوکیوں کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس کارروائی کے دوران وہ نہ صرف اپنی پوزیشنیں بلکہ اسلحہ بھی چھوڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں افغانستان کے اپنے ہی مندوب نے طالبان حکومت کے دہشت گردوں سے روابط کا پردہ فاش کردیا
پاک فوج نے دشمن کے زیر قبضہ مقامات سے روسی ساختہ تہتر ملی میٹر ہیوی گرینیڈ لانچر سمیت دیگر ہتھیار قبضے میں لے لیے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اسلحہ شدت پسندوں کی جانب سے سرحدی کارروائیوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر اور طاقتور جوابی کارروائیوں کے باعث بھارتی پراکسی کے طور پر کام کرنے والے عناصر اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن غضب للحق جاری ہے اور اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک اس کے تمام اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









