دیامیر بھاشا ڈیم کی تکمیل میں تاخیر ملکی بقاء کے لیے خطرہ قرار

دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مسلسل تاخیر پر سپریم کورٹ کی قائم کردہ کمیٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید تاخیر ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
اسلام آباد میں دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم منصوبوں سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے کی۔
اجلاس میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی عملدرآمد کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی اور منصوبے کے اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کے دو اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند، گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع
سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم اس کمیٹی نے مقامی کمیونٹیز اور متعلقہ صوبائی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ منصوبے کی تکمیل میں تعاون کریں اور زمین کے حصول کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تاخیر نہ ہو۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیم منصوبے کی تکمیل پاکستان کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ منصوبہ پانی کے ذخائر میں اضافہ، بجلی کی پیداوار اور زرعی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر منصوبے میں مزید تاخیر ہوئی تو اس کے سنگین اثرات ملک کی پانی، خوراک اور توانائی کی سلامتی پر پڑ سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ مسائل حل کریں اور منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









