توانائی بحران کے خدشے میں کمی، گیس کی بڑی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس کے چار بڑے بحری جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو چکے ہیں، جس سے ملک میں گیس کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر مائع پیٹرولیم گیس کے چار بڑے بحری جہاز لنگر انداز ہو گئے ہیں، جس سے ملک میں ایل پی جی کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ملک میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بڑی مقدار میں ایل پی جی درآمد کی گئی ہے اور تازہ کھیپ بندرگاہ پر پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک جہاز کے ذریعے گیارہ ہزار میٹرک ٹن جبکہ دو دیگر جہازوں کے ذریعے بارہ بارہ ہزار میٹرک ٹن گیس پورٹ قاسم پہنچائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بحران کا خطرہ ٹلنے لگا، تیل بردار جہاز کراچی پہنچنے کے قریب
اسی طرح ایک اور جہاز تین ہزار سات سو ٹن جبکہ ایک اور بحری جہاز تین ہزار پانچ سو ٹن مائع پیٹرولیم گیس لے کر بندرگاہ پر پہنچا ہے۔
عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس وقت ایل پی جی کی سرکاری قیمت دو سو پچیس روپے فی کلو مقرر ہے تاہم بعض عناصر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے اور امریکا ایران کشیدگی کو جواز بنا کر عوام سے تین سو پچاس سے چار سو روپے فی کلو تک وصول کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قیمت میں تقریباً دو سو ڈالر فی ٹن اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں صورتحال کے باعث بحری جہازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئی کھیپ کی آمد کے بعد امید ہے کہ آئندہ دنوں میں مائع پیٹرولیم گیس کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف مل سکے گا۔
Catch all the پاکستان News, کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









