بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

پسنی میں مزدوروں پر دستی بم حملہ، 5 زخمی

11 مارچ, 2026 15:08

بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک رہائشی کوارٹر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود پانچ مزدور زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ پسنی کے وارڈ نمبر دو میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے اچانک ایک گھر پر دستی بم پھینک دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے اور وہ پسنی میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے۔ یہ افراد علاقے میں پکوڑے اور سموسے فروخت کر کے اپنا گزر بسر کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : گرین پیپلز بس سروس تربت پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے افتتاح کردیا

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

ادھر بلوچستان کے معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات شاہد رند نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی مزدوروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور حکومت واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔