کراچی : ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار دو سگے بھائیوں کو کچل دیا

کراچی میں تیز رفتار ہیوی ٹریفک ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہوئی، کریم آباد کے قریب ایک ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار دو سگے بھائیوں کو کچل دیا۔
کراچی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار دو سگے بھائیوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
یہ حادثہ شہر کے علاقے کریم آباد میں فرنیچر مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ہیوی ٹریفک کے ایک ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار دونوں بھائیوں کو روند ڈالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پندرہ سالہ تابش اور سولہ سالہ عاطف شامل ہیں۔ دونوں نوجوان میٹرک کے طالب علم تھے۔
یہ بھی پڑھیں : بحران کا خطرہ ٹلنے لگا، تیل بردار جہاز کراچی پہنچنے کے قریب
عینی شاہدین کے مطابق دونوں بھائی عید کی خریداری کے لیے گھر سے نکلے تھے اور واپسی پر فرنیچر مارکیٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئے۔
حادثے کے بعد ایک بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے دونوں نوجوانوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ حادثے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر بلوچ کالونی پل کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا، جہاں ایک آئل ٹینکر کا ٹائر اچانک نکل جانے کے باعث موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









