بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

ریڈیو پاکستان حملہ کیس : وزیر اعلیٰ سہیل افریدی سمیت دیگر نامزد

11 مارچ, 2026 15:41

انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں تفتیشی افسر نے چالان پیش کرتے ہوئے متعدد سیاسی شخصیات کو نامزد کر دیا ہے۔

پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی اور تفتیشی افسر انسداد دہشت گردی عدالت نمبر تین میں پیش ہوئے، جہاں تفتیشی افسر کی جانب سے کیس کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ چالان میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی سمیت دیگر اہم شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے۔

چالان کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، ضلعی صدر عرفان سلیم اور کارکن عامر چمکنی کو بھی اس کیس میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا 12 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کیلئے اہم اعلان

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے پنجاب کی فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ اور قومی شناختی ڈیٹا بیس ادارے کی رپورٹ کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ سمیت دیگر افراد کو ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ وہ چالان ریکارڈ کے لیے جمع کرا رہے ہیں تاہم پراسیکیوٹر اس چالان کو وصول نہیں کر رہا۔

اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی نے چالان جمع نہ کروانے پر ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور پبلک پراسیکیوٹر کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرا دی۔

عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔