عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے اپیلوں کو باقاعدہ نمبر دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ دو کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے اپیلوں کو باقاعدہ نمبر دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
یہ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے کی۔ جس کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کی بہن علیمہ خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجھوتہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے سامنے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید تھی کہ رمضان کے مہینے میں کسی قسم کی قانونی ریلیف مل سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز چیف جسٹس سے ملاقات بھی کر چکے ہیں اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حقیقی نوعیت کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ایک طویل عرصے سے وکالت نامے فراہم نہیں کئے جا رہے، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تین سو کے قریب مقدمات میں وکیل ہیں اور بعض معاملات میں وکالت ناموں کے دستخط نہ ہونے کے باعث رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
اس موقع پر جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیئے کہ اپیل میں وکیل کو وکالت نامے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت کی بات درست ہے تاہم عدالتی دفتری عملہ اس معاملے کو مختلف انداز میں دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہوئے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کو باقاعدہ نمبر دینے کا حکم جاری کر دیا۔
سماعت کے اختتام پر علیمہ خان نے وکیل سلمان صفدر سے اپیلوں کے نمبر لگنے کے بارے میں دریافت کیا، جس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اپیلوں کو نمبر مل جائے گا کیونکہ عدالت اس حوالے سے حکم جاری کر چکی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








