خیبرپختونخوا کا سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں پچیس فیصد کمی کرنے کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور پٹرولیم کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے کوٹے میں پچیس فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پچیس فیصد کمی کا یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد ایندھن کے تحفظ کے اقدامات فوری طور پر نافذ کر دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق نئی حدوں کا اطلاق مارچ دو ہزار چھبیس سے ہوگا اور یہ فیصلہ ابتدائی طور پر دو ماہ کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ اقدام پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور زرمبادلہ پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
فیصلے کے مطابق صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کے لیے ماہانہ ایندھن کا کوٹہ تین سو نوے لیٹر سے کم کر کے دو سو بانوے لیٹر کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا وفاقی حکومت کی توانائی بچت تجاویز سے اتفاق
اسی طرح چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور سیکرٹری خزانہ کے لیے ایندھن کا کوٹہ ایک سو چھیالیس لیٹر سے کم کر کے ایک سو دس لیٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے لیے کوٹہ ایک سو تیس لیٹر سے کم کر کے اٹھانوے لیٹر کر دیا گیا ہے۔
گریڈ بیس اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے ایندھن کا کوٹہ اٹھانوے لیٹر سے کم کر کے چوہتر لیٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پبلک سروس ٹریبونل کے چیئرمین کے لیے بھی یہی حد مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، سپرنٹنڈنٹ پولیس اور محکموں کے سربراہان کے لیے ماہانہ کوٹہ ایک سو چار لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پولیس کے مختلف شعبوں کے لیے بھی نئی حدیں مقرر کی گئی ہیں، جن کے تحت سب ڈویژنل پولیس افسران کے لیے دو سو ساٹھ لیٹر جبکہ ٹریفک پولیس کے لیے ایک سو پچانوے لیٹر ماہانہ مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کی پروٹوکول گاڑیوں کے لیے بھی نئی حد مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر سرکاری رہائشی ہاؤسز کی گاڑیوں کے لیے ایندھن کی مقدار مزید کم کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









