حکومت کی طرز حکمرانی سے سیاسی درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کے اقدامات سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، سیاسی کارکنوں اور خواتین کی گرفتاریاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں سیاسی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے اور خواتین کو بھی حراست میں لیا جا رہا ہے، جس کے باعث سیاسی ماحول مزید خراب ہو رہا ہے۔
فواد چوہدری نے عدالتی نظام کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عدالتی نظام پر خود ججوں کا اعتماد بھی کمزور پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کا علاج ان کے ذاتی معالج سے کروایا جانا چاہیے کیونکہ ہر قیدی کو مناسب طبی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بعض لوگ یہ کہتے تھے کہ تحریک انصاف کے بانی ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں گزار سکیں گے لیکن اب وہ ایک ہزار دن سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں اور انہوں نے بڑی استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے ملاقات، مکمل دفاعی یکجہتی کا عملی اظہار
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ حلقے یہ سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف ختم ہو جائے گی لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ حکومتی حلقوں کو یہ گمان ہے کہ عوام کسی بھی صورتحال میں سڑکوں پر نہیں آئیں گے لیکن اگر عوام باہر نکل آئے تو انہیں واپس بھیجنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔
انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت تیل کی قیمتیں بڑھا رہی ہے جبکہ دوسری طرف اربوں روپے کی سرکاری گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے اربوں روپے کا طیارہ خریدا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی سوچ اور طرز حکمرانی ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور اس طرز عمل سے سیاسی اور معاشی مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









