سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کے ڈرون حملے ناکام بنادیے؛ آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کے ڈرون حملے ناکام بنادیے؛ آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کے ڈرون حملے ناکام بنادیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر ڈرون حملہ کیا گیا جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی دفاعی نظام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈرون کو تباہ کر دیا۔ تاہم ڈرون کے ملبے کے گرنے سے کچھ شہری زخمی ہوئے۔ کوئٹہ میں ملبہ گرنے سے دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں بھی ایک، ایک شخص زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حملے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملے افغان طالبان کی دہشت گرد ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ایک جانب افغان طالبان عالمی برادری کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے خود کو مظلوم ظاہر کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب ان کے حمایت یافتہ گروپس ڈرون حملوں اور دیگر کارروائیوں کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام افغان طالبان کی اصل فطرت اور عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن غضب للحق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک افغان طالبان پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا سلسلہ ختم نہیں کرتے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی، بشمول ڈرون حملوں، کا بھرپور مقابلہ کریں گی۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی اقدامات جاری رہیں گے اور ایسی اشتعال انگیزیوں کے سامنے ہرگز پسپا نہیں ہوا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











