اتوار، 15-مارچ،2026
اتوار 1447/09/26هـ (15-03-2026م)

افغانستان سے متعلق بھارت کے الزامات مضحکہ خیز اور منافقانہ ہیں، دفتر خارجہ

15 مارچ, 2026 14:11

دفتر خارجہ نے افغانستان سے متعلق بھارتی بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بھارت کے الزامات مضحکہ خیز اور منافقانہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کو فروغ دینے میں خود بھارت کا کردار انتہائی منفی رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف پاکستان کی کارروائیاں مکمل طور پر قانونی اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے کی گئی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ ان میں کھلی منافقت بھی جھلکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف سرگرم مختلف دہشت گرد گروہوں کو مدد فراہم کرتا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد نیٹ ورکس کو بھی بھارت کی پشت پناہی حاصل رہی ہے، جو پاکستان کے اندر بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے افغانستان میں کامیاب فضائی حملے، فوجی تنصیبات اور دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کو اس بات پر مایوسی ہونا فطری ہے کہ پاکستان کی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی ہے اور وہاں کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندو توا نظریہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف امتیاز اور نفرت کو بڑھا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں بگاڑ پیدا کرنے والا کردار ادا کیا ہے اور اسے چاہیے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے سے باز رہے۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔