کوہاٹ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، چھ دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انسداد دہشت گردی محکمے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر شہباز الہٰی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں، جو کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے کے بعد انسداد دہشت گردی محکمے اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ سرچ اور اسٹرائیک آپریشن شروع کیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد پولیس اور انسداد دہشت گردی محکمے کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کا سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں پچیس فیصد کمی کرنے کا اعلان
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر مزید سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پولیس اور انسداد دہشت گردی محکمے کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے والے جوان قوم کے بہادر سپوت ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت قابل تحسین ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس اور انسداد دہشت گردی محکمے کے دلیر جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








