رحیم یار خان میں بینظیر انکم سپورٹ مرکز کی چھت گرنے سے پانچ خواتین جاں بحق

رحیم یار خان میں مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے آنے والی خواتین پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی، جب انکم سپورٹ مرکز کی عمارت کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہو گئیں۔
رحیم یار خان میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں انکم سپورٹ مرکز کی عمارت کی چھت گرنے سے پانچ خواتین جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں خواتین مالی امداد حاصل کرنے کے لیے مرکز پر جمع تھیں۔
یہ بھی پڑھیں :افغان سرحد پار مارٹر گولہ باری سے باجوڑ میں چار شہری جاں بحق
ذرائع کے مطابق امدادی رقوم کے حصول کے لیے مرکز میں غیر معمولی رش تھا، جس کے باعث کئی خواتین عمارت کی چھت پر چڑھ گئیں۔ اسی دوران اچانک چھت کا ایک حصہ گر گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ٹیموں کو اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا گیا۔ زخمیوں کو شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا، جہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق متعدد زخمی خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










