پیر، 16-مارچ،2026
پیر 1447/09/27هـ (16-03-2026م)

گل پلازہ آتشزدگی : آگ بجھانے کے عمل میں ٹریفک اور فاصلہ بڑی رکاوٹ قرار

16 مارچ, 2026 15:25

کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کے دوران واٹر کارپوریشن کے سربراہ نے کمیشن کے سوالات کے جواب جمع کرا دیئے، جس میں آگ بجھانے کے عمل سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

کراچی میں گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے واقعے کی عدالتی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن کے سربراہ احمد علی صدیقی نے تحقیقاتی کمیشن کے سامنے اپنا جواب جمع کرا دیا ہے۔ اپنے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران سات قانونی ہائیڈرنٹس سے پانی فراہم کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق واٹر کارپوریشن کے فوکل پرسن کو گل پلازہ میں آگ لگنے کی اطلاع رات گیارہ بج کر تیرہ منٹ پر موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے مختلف ہائیڈرنٹس سے پانی کے باؤزر روانہ کئے گئے۔ ابتدائی طور پر نیپا، صفورا اور سخی حسن کے ہائیڈرنٹس سے پانی کے باؤزر روانہ کئے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ کی حفاظت میں دو تیل بردار جہاز کراچی پہنچ گئے

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ کی شدت بڑھنے کے بعد دیگر ہائیڈرنٹس سے بھی باؤزر طلب کیے گئے تاکہ آگ بجھانے کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ رات گیارہ بج کر چھپن منٹ سے مسلسل گل پلازہ کو پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی تاکہ فائر بریگیڈ کو آگ بجھانے میں مدد مل سکے۔

احمد علی صدیقی نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا کہ فائر ہائیڈرنٹس کی فعالیت اور پانی کے دباؤ کو برقرار رکھنا واٹر کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا بنیادی کام شہر کو پانی فراہم کرنا ہے، جبکہ آگ بجھانے کے ہائیڈرنٹس کی دیکھ بھال اور پریشرائزڈ پانی فراہم کرنا بلدیہ اور فائر بریگیڈ کی ذمہ داری ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازہ سے پہلے فائر بریگیڈ کو ایک خط لکھ کر ہائیڈرنٹس کے لیے ٹینک تعمیر کرنے اور باقاعدہ کنکشن دینے کی درخواست کی گئی تھی تاہم اس خط کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واٹر کارپوریشن کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فائر بریگیڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرتا ہے اور مرکزی فائر اسٹیشن اور صدر فائر اسٹیشن کو روزانہ چھ گھنٹے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ گل پلازہ تک پانی پہنچانے میں فاصلے، اطراف میں جاری تعمیراتی کام اور ٹریفک جام جیسے عوامل بھی مشکلات کا سبب بنے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔