کراچی : طارق روڈ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، دو فائر فائٹرز بے ہوش، 10 لاکھ انعام کا اعلان

کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع ایک شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا، تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران دو فائر فائٹرز دھوئیں سے متاثر ہو کر بے ہوش ہو گئے۔
کراچی کے مصروف کاروباری علاقے طارق روڈ پر واقع ایک شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بیسمنٹ میں قائم کپڑوں کی دو سے تین دکانوں میں لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ بیسمنٹ میں بھر جانے والے دھوئیں کو خصوصی مشینوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بحران کا خطرہ ٹلنے لگا، تیل بردار جہاز کراچی پہنچنے کے قریب
ریسکیو آپریشن کے دوران دھوئیں اور شدید گرمی کے باعث دو فائر فائٹرز بلال اور سکندر بے ہوش ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا، بصورت دیگر نقصان بہت زیادہ ہو سکتا تھا۔
واقعے کے بعد مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ متاثرہ فائر فائٹرز کے لیے الگ سے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔
واقعے کے وقت ٹریفک پولیس نے احتیاطی تدابیر کے تحت علاقے میں ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا اور تحقیقات جاری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









