منگل، 17-مارچ،2026
منگل 1447/09/28هـ (17-03-2026م)

کراچی : سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ہلاک دہشت گرد انتہائی مطلوب بی ایل اے کمانڈر نکلا

17 مارچ, 2026 15:14

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد نہ صرف انتہائی مطلوب تھا، بلکہ اس کی شناخت بی ایل اے کمانڈر گرگ بلوچ کے نام سے ہوگئی ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے کراچی میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق سترہ فروری کو ہونے والے ایک مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد انتہائی مطلوب تھا، جس کی شناخت سہیل بلوچ عرف گرگ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا اہم کمانڈر تھا اور بولان ایریا فتح اسکواڈ کا انچارج بھی تھا۔ وہ تنظیم کے دیگر اہم کمانڈروں کے ساتھ رابطے میں رہ کر نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی : طارق روڈ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، دو فائر فائٹرز بے ہوش، 10 لاکھ انعام کا اعلان

حکام کے مطابق ملزم دو ہزار بائیس میں تنظیم میں شامل ہوا اور اس دوران متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ اس پر پچاس سے زائد سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔

مزید بتایا گیا کہ ملزم بارہ مارچ کو پنجگور میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ پر حملے میں بھی مرکزی کردار تھا، جبکہ گیارہ مارچ کو جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کیلئے خودکش حملہ آور بھی اسی نے بھیجے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں ہونے والے اس مقابلے میں اس کے دیگر ساتھی بھی ہلاک ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔