کراچی میں طوفانی بارش کی تباہی، 18 افراد جاں بحق، کئی زخمی

کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے شہر میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
کراچی میں اچانک آنے والے طوفانی بارش کے اسپیل اور نوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
مختلف علاقوں میں دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے واقعات میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
سب سے بڑا حادثہ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں پیش آیا، جہاں ایک عمارت کی دیوار گرنے سے تیرہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ لانڈھی مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی دم توڑ گئے، جبکہ ملیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: 900 وارداتوں میں ملوث گروہ کے سات کارندے گرفتار
کورنگی میں چھت گرنے سے خاتون اور گلستان جوہر میں چار سالہ بچی جاں بحق ہوئی۔ جناح اسپتال اور سول اسپتال میں درجنوں زخمیوں کو لایا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ بارش کے ساتھ ہی شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا، جبکہ شارع فیصل اور دیگر اہم شاہراہوں پر درخت گرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









