ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

A major problem for driving license applicants has been solved
پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے نیا اقدام اٹھا لیا ہے۔ اب موٹر سائیکل سواروں کو موقع پر ہی “ورچوئل ڈرائیونگ لائسنس” جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت آن روڈ ٹیسٹ کے ذریعے لائسنس جاری کیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شہری سڑک پر ہی اپنا ٹیسٹ دے سکیں گے اور کامیاب ہونے پر فوری طور پر لائسنس حاصل کر لیں گے۔
نئے طریقہ کار میں ٹریفک وارڈنز کو “ون ایپ” کے ذریعے موقع پر ہی لائسنس پروسیس کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ بائیک سوار اپنا بنیادی ڈیٹا فراہم کریں گے اور فیس ادا کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر ورچوئل لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔ یہ لائسنس ڈیجیٹل شکل میں ہوگا، جسے موبائل فون پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل لائسنس کے علاوہ دیگر تمام لائسنس اب ورچوئل کارڈ کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔ اس نظام کے ذریعے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ حکومت کو اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
مزید یہ کہ آئندہ دنوں میں لائسنسنگ سسٹم کو 16 سال کی عمر کے نوجوانوں تک بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس سے کم عمر افراد کو قانونی طور پر ڈرائیونگ کا موقع مل سکے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کے مکمل نفاذ کے لیے آئی جی پنجاب کو سمری بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









