ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب، بچوں کو اسلحہ تھمانے کی سفاکانہ کوشش

پشاور: خیبر پختونخوا میں جاری ویڈیوز اور اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ دہشت گرد گروہ، خاص طور پر ٹی ٹی پی کے خوارج، بچوں کو اسلحہ تھمانے اور شدت پسندی میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف بہادری نہیں بلکہ قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی ایک سفاکانہ کوشش ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمسن بچوں کو ہتھیار تھمانا، ان کے معصوم ذہنوں کو شدت پسندی کی فیکٹری میں ڈالنا ہے۔ جو گروہ بچوں کو گھٹیا نعرے لگوائے، گن کلچر سکھائے اور انہیں تشدد کے لیے تیار کرے، وہ معاشرے کا خیرخواہ نہیں بلکہ سب سے بڑا دشمن ہے۔
دہشت گرد گروہوں کی یہ حرکتیں درخت جلانے، ہتھیار دلوانے اور بچوں کو استعمال کرنے جیسی کارروائیوں کے ذریعے طاقت دکھانے کا بہانہ ہیں۔ حقیقت میں یہ تباہی کا طریقہ کار ہے، جس کا انجام معاشرے کے لیے خطرناک ہوگا۔
ماہرین نے زور دیا کہ چند ویڈیوز یا تصاویر سے یہ تصور پیدا کرنا کہ پورا گروہ بچوں کے کنٹرول میں ہے، حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔ یہ سب پروپیگنڈا اور خوف کے ذریعے جھوٹا تاثر دینے کی کوشش ہے۔
اگر قوم اور ریاست آج خاموش رہی، تو کل انہی بچوں کے ہاتھوں میں قلم نہیں بلکہ بارود ہوگا۔ خوارج کا بیانیہ اسلام نہیں بلکہ فساد، جبر اور انسانی وقار کی تذلیل ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فورسز کی ذمہ داری نہیں، بلکہ والدین، علماء، مقامی سیاسی قیادت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ایسے عناصر کے چنگل سے بچائیں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف رہنمائی کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









