پاکستان سال 2025 کا دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار

سنگاپور سے جاری ہونے والی عالمی فضائی معیار کی تازہ ترین رپورٹ نے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ سوئس فرم آئی کیو ایئر کی سالانہ رپورٹ برائے 2025 کے مطابق پاکستان دنیا کا آلودہ ترین ملک بن چکا ہے۔
سوئس فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان سال 2025 میں دنیا کا آلودہ ترین ملک رہا ہے۔
تحقیق کے مطابق پاکستان میں انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک چھوٹے ذرات، جنہیں پی ایم 2.5 کہا جاتا ہے، کی سطح عالمی ادارہ صحت کے تجویز کردہ معیار سے تیرہ گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس صرف 13 ممالک اور خطے ایسے تھے, جو عالمی ادارہ صحت کے مقررہ معیار یعنی پانچ مائیکرو گرام فی مکعب میٹر سے کم آلودگی برقرار رکھ سکے، جبکہ 2024 میں ایسے ممالک کی تعداد صرف سات تھی۔
عالمی رپورٹ کے مطابق مانیٹر کئے گئے 143 ممالک میں سے 130 ممالک فضائی معیار کے عالمی رہنما اصولوں پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔
آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کے بعد بنگلہ دیش دوسرے اور تاجکستان تیسرے نمبر پر رہا۔ افریقی ملک چاڈ، جو 2024 میں سب سے زیادہ آلودہ ملک تھا، 2025 کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ چاڈ کی رینکنگ میں یہ بہتری آلودگی میں کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ ڈیٹا کی عدم دستیابی کے باعث ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش
رپورٹ کی مرکزی مصنفہ کرسٹی چیسٹر شروڈر کے مطابق گزشتہ سال مارچ میں امریکہ نے بجٹ کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے سفارت خانوں سے آلودگی کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عالمی پروگرام بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے بہت سے ممالک کا درست ڈیٹا حاصل نہیں ہو سکا اور برونڈی، ترکمانستان اور ٹوگو جیسے ممالک کو رپورٹ سے باہر رکھنا پڑا۔
شہروں کے حوالے سے رپورٹ میں انتہائی تشویشناک حقائق سامنے آئے ہیں۔ بھارت کا شہر لونی 2025 میں دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا، جس کے بعد چین کے علاقے سنکیانگ کا شہر ہوتن دوسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ دنیا کے 25 آلودہ ترین شہروں کا تعلق صرف تین ممالک بھارت، پاکستان اور چین سے ہے۔
مجموعی طور پر دنیا کے صرف 14 فیصد شہر عالمی ادارہ صحت کے معیار پر پورا اتر سکے، جو کہ گزشتہ سال کے 17 فیصد سے بھی کم ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا، آئس لینڈ، ایسٹونیا اور پاناما ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہیں، جہاں کی ہوا صاف رہی، جبکہ لاؤس، کمبوڈیا اور انڈونیشیا میں بارشوں اور ہواؤں کے باعث آلودگی میں کمی دیکھی گئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









